7 سیدھی راہ سے مراد ؟ اور اس کی عظمت شان : یعنی راہ حق کو سمجھنے کی اور اس کو اپنانے کی توفیق وسعادت بھی عطا فرما دے اور اس پر چلنا بھی نصیب فرمادے۔ اس طرح اس ترجمہ کے عموم میں ہدایت کے دونوں مفہوم آجاتے ہیں۔ یعنی " اِرَاءَۃُ الطَّرِیْقِ "، " راستہ دکھا دینا " بھی اور " اِیْصال الی المطلوب "، " مطلوب تک پہنچا دینا " بھی۔ اور سیدھی راہ سے مراد دین حق کی وہ عظیم الشان راہ ہے جس پر چلنے سے انسان کو اس دنیا میں بھی حیات طیبہ " پاکیزہ زندگی " نصیب ہوتی ہے اور آخرت کی حقیقی اور ابدی زندگی میں بھی وہ دائمی کامیابی سے مشرف ہوتا ہے۔ اللہ نصیب فرمائے۔ آمین۔ یہاں سے یہ بات بھی واضح ہوجاتی ہے کہ ہدایت کی نعمت دنیا کی دوسری تمام نعمتوں سے بڑھ کر ہے۔ اسی لئے یہاں اسی کیلئے سوال کرنے اور درخواست گزارنے کی تعلیم دی گئی ہے کہ اس سے سرفرازی دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفرازی اور اس سے محرومی دنیا و آخرت کی محرومی ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ ـاور حق و ہدایت کی یہ راہ جو انسان کو دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفراز و بہرہ ور کرنے والی راہ ہے دین اور وحی کی روشنی کے بغیر ملنا ممکن نہیں۔ اور دین و وحی کی یہ روشنی اب اپنی کامل اور آخری شکل میں دین حنیف اسلام کی صورت میں قیامت تک کے لیے متعین فرما دی گئی۔ پس اب جو لوگ دین حنیف کی اس راہ حق و صواب سے محروم ہیں وہ قطعی طور پر صراط مستقیم یعنی سیدھی راہ سے محروم ہیں، اگرچہ وہ چاند پر کمندیں ڈالنے کی تگ و دو میں مصروف ہوں۔ اگرچہ وہ سمندروں کی تہوں میں اترنے اور ان کو کھنگال ڈالنے کے وسائل کے مالک ہوں، وہ بہرحال گھٹا ٹوپ اندھیروں میں مبتلا ہیں۔ نہ ان کو اپنے خالق ومالک کی معرفت حاصل ہے اور نہ ہی اس کے حق عبادت و بندگی کا کوئی اتہ پتہ۔ نہ وہ اپنے مقصد حیات سے آگاہ ہیں اور نہ ہی ان کو اپنے مستقبل اور آگے پیش آنے والے انتہائی ہولناک انجام کی کچھ خبر ہے۔ وہ حیات انسانی کے ایسے تمام اہم اور بنیادی تقاضوں سے غافل و بیخبر ، اندھیروں میں ڈوبے مادہ اور معدہ کے تقاضوں کے پورا کرنے اور بطن و فرج کی خواہشات کی تکمیل کیلئے جی رہے ہیں اور بس۔ اور یہی ہے سب سے بڑا اور ہولناک خسارہ ـ ذلِکَ ہُوَ الْخُسْرَانُ الْمُبِیْن ـ وَالْعِیَاذ باللّٰہ الْعَظِیْم اور یہ زندگی خالص حیوانی زندگی ہے۔ عقل و شعور کی دولت رکھنے والا انسان اگر خواہشات نفس کے پیچھے لگ کر اور اندھا بہرہ بن کر رہ جائے تو اس سے بڑا خسارہ اور کیا ہوسکتا ہے ؟ ـ وَالْعِیَاذ باللّٰہ الْعَظِیْم مِنْ کُل زَیْغٍ وَ ضَلَالٍ وَ سُوْئٍ وَّاِنْحِرَاف ـ سو صراط مستقیم سے سرفرازی سعادت دارین کا ذریعہ و وسیلہ ہے۔