(اھدنا): ہمیں ہدایت دیجئے۔ ہمیں راستہ دکھائیے۔ ہمیں منزل تک پہنچا دیجئے۔ ہدایت کے معنی ہیں راستہ دکھانا۔ راستے پر چلانا۔ جو بھی منزل مقصود ہو اس تک پہنچا دینا۔ ایک مومن ہر وقت سیدھے اور سچے راستے تک پہنچنے کی درخواست کرتا ہے۔ کیونکہ کہ زندگی میں خطرناک موڑ آتے رہتے ہیں۔ اگر اللہ کی مدد شامل نہ ہو تو قدم قدم پر بہکنے اور پھسلنے کا اندیشہ لگا رہتا ہے۔ نفس اور شیطان انسان کو بہکانے اور ڈگمگادینے کے ہزاروں دلکش راستے دکھاتے رہتے ہیں۔ اس لئے اس ہدایت اور رہنمائی کی آرزو ہر دل میں ہر آن رہنی چاہئے جو صرف اللہ نے اپنے دست قدرت میں رکھی ہوئی ہے۔
(الصراط المستقیم): سیدھا سچا راستہ۔ صراط مستقیم۔ ایک مومن اپنے اللہ سے یہ درخواست کرتا ہے کہ الٰہی ! ہمیں وہ سیدھا اور سچا راستہ دکھا دیجئے جس کا آپ کا فضل و کرم شامل ہو یعنی نیک اور برگزیدہ ہستیوں کا راستہ۔ ثابت قدمی اور صبرو تحمل کا راستہ۔ کامیابی کا راستہ ، راستے کی وہ توفیق جو ہمیں اس دنیا اور آخرت میں نجات عطا کر دے اور منزل مراد تک پہنچا دے۔