حضرت سفیان بن وہب خولانی ؓ کی حدیث
حضرت سفیان بن وہب ؓ سے مروی ہے کہ حجۃ الوداع کے موقع پر وہ نبی ﷺ کی سواری کے سائے تلے تھے، نبی ﷺ ایک بلند جگہ سے خطاب فرما رہے تھے، نبی ﷺ نے فرمایا کیا میں نے پیغام پہنچا دیا؟ ہم سمجھ گئے کہ نبی ﷺ ہم سے جواب مانگ رہے ہیں چناچہ ہم نے کہہ دیا جی ہاں نبی ﷺ نے تین مرتبہ اس جملے کو دہرایا، اس موقع پر نبی ﷺ نے جو باتیں فرمائی تھیں، ان میں سے ایک بات یہ بھی تھی کہ اللہ کے راستے میں ایک شام کے لئے نکلنا دنیا و ماعلیہا سے بہتر ہے اور ایک صبح کے لئے اللہ کے راستے میں نکلنا دنیا وماعلیہا سے بہتر ہے اور ہر مسلمان پر دوسرے مسلمان کی عزت و آبرو، مال و دولت اور جان کا احترام اسی طرح ضروری ہے جیسے آج کے دن کی حرمت ہے۔