حضرت عرباض بن ساریہ ؓ کی مرویات
حضرت عرباض بن ساریہ ؓ سے مروی ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا میں اس وقت بھی اللہ کا بندہ اور خاتم النبیین تھا جب کہ حضرت آدم (علیہ السلام) ابھی گارے میں ہی لتھڑے ہوئے تھے اور میں تمہیں اس کی ابتداء بتاتا ہوں میں اپنے جد امجد حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کی دعاء حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی بشارت اور اپنی والدہ کا وہ خواب ہوں جو انہوں نے دیکھا تھا اور تمام انیباء (علیہم السلام) کی مائیں اسی طرح خواب دیکھتی تھیں۔ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے، البتہ اس میں یہ اضافہ بھی ہے کہ نبی ﷺ کی والدہ نے بچے کی پیدائش کے وقت ایک نور دیکھا جس سے شام کے محلات روشن ہوگئے۔