حضرت واثلہ بن اسقع ؓ کی بقیہ حدیثیں
شداد کہتے ہیں کہ میں ایک مرتبہ حضرت واثلہ ؓ کے پاس گیا، ان کے پاس کچھ لوگ تھے، وہ حضرت علی ؓ کا تذکرہ کرنے لگے، جب وہ لوگ اٹھ گئے تو حضرت واثلہ ؓ نے مجھ سے فرمایا کیا میں تمہیں وہ بات نہ بتاؤں جو میں نے نبی ﷺ سے دیکھی ہے؟ میں نے کہا کیوں نہیں؟ وہ کہنے لگے کہ ایک مرتبہ میں حضرت علی ؓ کے بارے پوچھنے کے لئے حضرت فاطمہ ؓ کے پاس آیا، انہوں نے بتایا کہ وہ نبی ﷺ کی طرف گئے ہیں، میں بیٹھ کر ان کا انتظار کرنے لگا، اتنی دیر میں نبی ﷺ تشریف لے آئے، ہمراہی میں حضرت علی ؓ عنہ، امام حسن ؓ اور امام حسین ؓ تھے اور وہ سب اس طرح آرہے تھے کہ ہر ایک نے دوسرے کا ہاتھ پکڑ رکھا تھا۔ نبی ﷺ گھر میں تشریف لائے تو حضرت علی ؓ اور فاطمہ ؓ کو قریب بلا کر بٹھایا اور امام حسن و حسین ؓ دونوں کو اپنی رانوں پر بٹھا لیا، پھر ان سب کو ایک چادر اوڑھا کر یہ آیت تلاوت فرمائی (إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُذْهِبَ عَنْكُمْ الرِّجْسَ أَهْلَ الْبَيْتِ وَيُطَهِّرَكُمْ تَطْهِيرًا) " اللہ یہی چاہتا ہے کہ اے اہل بیت! تم سے گندگی کو دور کر دے اور تمہیں خوب پاکیزگی عطاء کر دے " اور فرمایا اے اللہ! یہ میرے اہل بیت ہیں اور میرے اہل بیت کا حق زیادہ ہے۔