عبداللہ بن عباس کی مرویات
حضرت ابن عباس ؓ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں اور بنو عبد المطلب کا ایک غلام ایک گدھے پر سوار ہو کر آیا، نبی ﷺ لوگوں کو نماز پڑھا رہے تھے، جب ہم سامنے کے رخ سے نبی ﷺ کے قریب ہوئے تو ہم اس سے اترپڑے اور اسے چھوڑ کر خود نبی ﷺ کے ساتھ نماز میں شریک ہوگئے، نبی ﷺ نے اپنی نماز کو نہیں توڑا۔ اسی طرح ایک مرتبہ نبی ﷺ لوگوں کو نماز پڑھا رہے تھے، کہ بنو عبد المطلب کی دو بچیاں دوڑتی ہوئی آئیں اور نبی ﷺ سے چمٹ گئیں، نبی ﷺ نے اپنی نماز کو نہیں توڑا، نیز ایک مرتبہ نبی ﷺ مسجد میں نماز پڑھ رہے تھے کہ ایک بکری کا بچہ نبی ﷺ کے کسی حجرے سے نکلا اور نبی ﷺ کے آگے سے گذرنے لگا، تو انہوں نے نماز نہیں توڑی۔