حضرت ام منذربنت قیس انصایہ کی حدیثیں
حضرت ام منذر سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبی ﷺ میرے یہاں تشریف لائے ان کے ہمراہ حضرت علی بھی تھے جن پر بیماری کی وجہ سے نقاہت کے آثارباقی تھے، ہمارے یہاں کھجور کے خوشے لٹک رہے تھے، نبی ﷺ ان میں سے کھجوریں تناول فرمانے لگے، حضرت علی نے بھی کھجوریں کھانا چاہیں لیکن نبی ﷺ نے ان سے فرمایا علی! رک جاؤ تم پر نقاہت کے آثار ابھی واضح ہیں، حضرت علی رک گئے، پھر میں نے جو کی روٹی اور چقندر کا سالن بنایا اور نبی ﷺ کی خدمت میں پیش کیا، نبی ﷺ نے حضرت علی ؓ سے فرمایا یہ کھاؤ کہ یہ تمہارے لئے زیادہ نفع بخش ہے۔ گزشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔