حضرت صدیق اکبر ؓ کی مرویات
ابن جریج کہتے ہیں کہ مجھے میرے والد نے یہ حدیث سنائی کہ جب نبی ﷺ کا وصال ہوگیا تو لوگوں کے علم میں یہ بات نہ تھی کہ نبی ﷺ کی قبر مبارک کہاں بنائی جائے؟ حتی کہ حضرت صدیق اکبر ؓ نے اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے فرمایا کہ میں نے جناب رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ہر نبی کی قبر وہیں بنائی جاتی ہے جہاں ان کا انتقال ہوتا ہے، چناچہ صحابہ کرام ؓ نے نبی ﷺ کا بستر مبارک اٹھا کر اس کے نیچے قبر مبارک کھودی اور وہیں تدفین عمل میں آئی۔