خلیفہ اول بلا فصل سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کے فضائل کے بیان میں
محمد بن ابی عمر مکی، مروان ابن معاویہ یزید ابن کیسان ابی حازم اشجعی حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا آج تم میں سے کسی نے روزہ کی حالت میں صبح کی (یعنی روزہ رکھا؟ ) حضرت ابوبکر ؓ نے عرض کیا میں نے روزہ رکھا ہے، آپ ﷺ نے فرمایا آج کے دن تم میں سے کون کسی جنازے کے ساتھ گیا ہے؟ حضرت ابوبکر ؓ نے عرض کیا کہ میں گیا ہوں، آپ نے فرمایا آج تم میں سے کسی نے کسی مسکین کو کھانا کھلایا ہے؟ حضرت ابوبکر ؓ نے عرض کیا میں نے، آپ نے فرمایا آج تم میں سے کسی نے کسی بیمار کی تیمار داری کی ہے؟ حضرت ابوبکر ؓ نے عرض کیا میں نے، آپ نے فرمایا جس میں یہ ساری چیزیں جمع ہوگئیں وہ جنت میں داخل ہوگیا۔