راستوں میں بیٹھنے کی ممانعت اور راستوں کے حقوق کی ادائیگی کی تاکید کے بیان میں
سوید بن سعید، حفص بن میسر، زید بن اسلم، عطاء بن یسار، حضرت ابوسعیدخدری ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا تم راستوں میں بیٹھنے سے بچو صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ ہمارے لئے تو بیٹھنے کے بغیر کوئی چارہ کار ہی نہیں ہم وہاں باتیں کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تمہیں بیٹھنے کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں تو پھر راستے کا حق ادا کرو صحابہ ؓ نے عرض کیا راستے کا حق کیا ہے آپ ﷺ نے فرمایا نظریں نیچی رکھنا اور کسی کو تکلیف دینے سے باز رہنا اور سلام کا جواب دینا اور نیکی کا حکم دینا اور بری باتوں سے منع کرنا۔