زمین کو کرایہ پر دینے کے بیان میں
عبدالملک بن شعیب بن لیث بن سعد، عقیل بن خالد، ابن شہاب، حضرت سالم بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے کہ ابن عمر ؓ اپنی زمین کو کرایہ پر دیتے تھے یہاں تک کہ انہیں یہ بات پہنچی کہ رافع بن خدیج انصاری ؓ زمین کو کرایہ پر دینے سے منع کرتے ہیں چناچہ عبداللہ ؓ ان سے ملے اور ان سے کہا اے ابن خدیج! آپ رسول اللہ ﷺ سے زمین کے کرایہ کے بارے میں کیا حدیث بیان کرتے ہیں؟ تو رافع بن خدیج ؓ نے عبداللہ ؓ سے کہا کہ میں نے اپنے دونوں چچاؤں سے سنا اور وہ بدر کی جنگ میں شریک ہوئے وہ دونوں گھر والوں سے حدیث بیان کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے زمین کرایہ پر دینے سے منع کیا حضرت عبداللہ ؓ نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک میں زمین کرایہ پر دی جاتی تھی پھر حضرت عبداللہ ؓ اس خوف سے کہ ہوسکتا ہے رسول اللہ ﷺ نے اس بارے میں کوئی حکم دیا ہو جو ان کے علم میں نہ ہو زمین کو کرایہ پر دینا چھوڑ دیا۔