نبی ﷺ کے عمرہ کی تعداد کے بیان میں
ہ اورن بن عبداللہ، محمد بن بکر برسانی، ابن جریج، عطاء، حضرت عروہ بن زبیر ؓ فرماتے ہیں کہ میں اور حضرت ابن عمر ؓ دونوں حضرت عائشہ ؓ کے حجرہ کی طرف ٹیک لگائے ہوئے تھے اور ہم حضرت عائشہ ؓ کے مسواک کرنے کی آواز سن رہے تھے تو میں نے کہا اے ابوعبدالرحمن! کیا نبی ﷺ نے رجب میں عمرہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہاں تو میں نے حضرت عائشہ ؓ سے عرض کیا اے میری اماں! کیا آپ نہیں سن رہیں کہ ابوعبدالرحمن کیا کہہ رہے ہیں حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا کہ وہ کیا کہتے ہیں میں نے عرض کیا کہ وہ کہتے ہیں کہ نبی ﷺ نے رجب میں عمرہ کیا ہے تو حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا کہ اللہ ابوعبدالرحمن کی مغفرت فرمائے میری عمر کی قسم کہ آپ ﷺ نے رجب میں عمرہ نہیں کیا اور آپ ﷺ نے جو عمرہ بھی کیا تو حضرت ابن عمر ؓ آپ ﷺ کے ساتھ تھے راوی کہتے تھے کہ حضرت ابن عمر ؓ سن رہے تھے تو انہوں نے نہ تو کہا نہیں اور نہ ہی کہا ہاں بلکہ وہ خاموش رہے۔