مکہ مکرمہ کی فضیلت
حضرت ابن عباس ؓ راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فتح مکہ کے بعد وہاں سے واپس ہوتے وقت مکہ کی نسبت فرمایا کہ تو کتنا اچھا شہر ہے! اور تو مجھے بہت ہی پیارا ہے! اگر میری قوم قریش کے لوگ مجھے یہاں سے نہ نکال چکے ہوتے تو میں اس شہر کے علاوہ کہیں نہ رہتا۔ امام ترمذی نے اس روایت کو نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث اسناد کے اعتبار سے حسن، صحیح، غریب ہے۔
تشریح
یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ سے افضل ہے چناچہ اکثر علماء کا یہی قول ہے لیکن امام مالک کے نزدیک مدینہ کی فضیلت مکہ سے زیادہ ہے۔