طواف زیارۃ میں رمل نہیں ہے
حضرت ابن عباس ؓ کہتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے طواف زیارت میں رمل نہیں کیا۔ (ابوداؤد، ابن ماجہ)
تشریح
جیسا کہ پہلے بھی بتایا جا چکا ہے کہ شانہ ہلاتے ہوئے چھاتی نکال کر کچھ تیزی کے ساتھ چلنا رمل کہلاتا ہے۔ چناچہ آنحضرت ﷺ نے طواف زیارۃ میں جو کہ فرض ہے رمل نہیں کیا کیونکہ طواف قدوم میں آپ ﷺ یہ کرچکے تھے۔ اس بارے میں مسئلہ بھی یہی ہے جو شخص طواف قدوم میں رمل و سعی کرچکا ہو وہ طواف زیارۃ میں نہ تو رمل کرے اور نہ طواف کے بعد سعی کرے اور جو شخص طواف قدوم میں یہ دونوں چیزیں نہ کرچکا ہو تو پھر وہ طواف زیارت میں رمل بھی کرے اور اس کے بعد سعی بھی کرے۔