علی، ابوذر، مقداد، سلمان
اور حضرت بریدہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے مجھ کو چار آدمیوں سے (علی الخصوص) محبت رکھنے کا حکم دیا اور یہ بتایا کہ وہ (اللہ سبحانہ وتعالیٰ ) بھی ان چاروں سے محبت رکھتا ہے (یہ ارشاد سن کر) صحابہ نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ! ہمیں بھی ان چاروں کے نام بتادیجئے (تاکہ ہم بھی ان سے اس بناء پر محبت رکھیں کہ اللہ اور اللہ کا رسول ان سے محبت رکھتا ہے) آنحضرت ﷺ نے فرمایا ان میں سے ایک تو علی ہیں، یہ الفاظ آپ نے تین مرتبہ فرمائے (تاکہ لوگ جان لیں کہ ان چاروں میں سے سب سے افضل علی ہیں یا اس طرف اشارہ کرنے کے لئے یہ الفاظ تین بار فرمائے کہ جتنی محبت مجموعی طور پر باقی تینوں سے رکھی جائے اتنی تنہا علی سے رکھنی چاہئے) ایک ابوذر ہیں ایک مقداد ہیں اور ایک سلمان ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مجھ کو حکم دیا ہے کہ میں ان چاروں سے محبت رکھوں اور یہ بتایا کہ وہ بھی ان چاروں سے محبت رکھتا ہے اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث غریب حسن ہے۔