گوہ کا گوشت کھانے کا مسئلہ
اور حضرت ابن عباس ؓ سے مروی ہے کہ حضرت خالد بن ولید ؓ نے ان سے بیان کیا کہ ( ایک دن) وہ ( خالد) رسول کریم ﷺ کے ہمراہ حضرت میمونہ ؓ کے گھر گئے جو ان ( خالد) کی بھی خالہ تھیں اور حضرت ابن عباس ؓ کی بھی وہاں ان کے پاس انہوں نے ( یعنی آنحضرت ﷺ نے یا حضرت خالد ؓ نے) ایک گوہ بھنی ہوئی رکھی پائی! حضرت میمونہ ؓ نے اس گوہ کو رسول کریم ﷺ کے سامنے پیش کیا لیکن رسول کریم ﷺ نے اس گوہ کی طرف سے اپنا ہاتھ کھینچ لیا حضرت خالد ؓ نے ( یہ دیکھا تو) پوچھا کہ یا رسول اللہ! کیا گوہ حرام ہے؟ آنحضرت ﷺ نے فرمایا۔ نہیں بلکہ یہ میری قوم کی زمین ( یعنی حجاز) میں نہیں پائی جاتی اس لئے میں اس سے اپنے اندر کراہت ( یعنی طبعی کراہت) محسوس کرتا ہوں۔ حضرت خالد ؓ کا بیان ہے کہ (یہ سن کر) میں نے اس گوہ کو اپنی طرف کھینچ لیا اور کھانے لگا اور آنحضرت ﷺ میری طرف دیکھتے رہے۔ ( بخاری ومسلم )
تشریح
آگے جو حدیث آئے گی اور جس میں گوہ کو کھانے کی ممانعت منقول ہے، یہ واقعہ اس سے پہلے کا ہے اس اعتبار سے یہ حدیث منسوخ قرار پائے گی۔